بھٹکل:2؍ جولائی (ایس اؤ نیوز) بھٹکل انجمن ڈگری کالج فورویمن میں سنچر کو اور تعلقہ کی دو دوسری ڈگری کالجوں میں پیر کو کووڈ ٹیکہ دیا جائے گا۔ اس بات کی اطلاع بھٹکل تحصیلدار روی چندرا نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے دی ہے۔
اطلاع کے مطابق کرناٹک میں کووڈ کے معاملات چونکہ کم ہورہے ہیں، اس مناسبت سے ریاستی حکومت نے جولائی کے مہینے میں کو ڈگری کالجوں میں کلاسس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مگر کلاسس میں داخلے کے لئے کووڈ ٹیکہ لینا لازمی ہوگا۔
تحصیلدار نے اپنی پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ پیشگی احتیاطی اقدامات کے طورپر سنیچر اور پیر کو بھٹکل کی تین ڈگری کالجوں میں ٹیکہ کاری کا انتظام کیا گیا ہے۔ انجمن ڈگری کالج فورویمن بھٹکل میں 3جولائی 2021بروز سنیچر کو ٹیکہ دیا جائے گا جبکہ سوکھیا بی ایڈ کالج بھٹکل اور بینا وئیدیا ڈگری کالج مرڈیشور میں 5جولائی 2021کو کووڈٹیکہ لگایا جائے گا۔
انجمن ڈگری کالج فورویمن میں کالج کی پرنسپال رئیسہ شیخ کو نگراں کار اورکالج کی لکچرر شریمتی دیپا کامت کو نوڈل آفیسر کے طورپر نامزد کیاگیا ہے۔کالج میں صبح 10بجے سے شام چار یا پانچ بجے تک ٹیکہ لگایاجائےگا۔ طلبا سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کالج میں ٹیکہ لینےکےلئے پہنچیں تو اپنا آدھار کار اور کالج شناختی کارڈ ساتھ میں لے کر آئیں ۔ ماسک لگائیں اور سماجی فاصلے کے تحت ٹیکہ لیں۔
اسی طرح سوکھیا بی ایڈ کالج بھٹکل کی پرنسپال سویتا پی بی نگراں کار اور لکچرر نارائن پٹگار کو نوڈل آفیسر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے جبکہ بینا وئیدیاکالج مرڈیشور میں کالج کے پرنسپال ڈاکٹر جگناتھ گونڈا نوڈل آفیسر ہونگے۔
خیال رہےکہ کالج سے منسلک ہر فرد کو ٹیکہ لینا لازمی ہے۔ طلبا کا داخلہ ، کلاس میں حاضری اور امتحان میں شریک ہونےکےلئے کووڈ ٹیکہ لگائی ہوئی سرٹیفکٹ کا ہونا ضروری ہے ۔ خیال رہے کہ آئندہ کسی بھی موقع پر کووڈ ٹیکہ کی سرٹی فیکٹ کی ضرورت محسوس ہوسکتی ہے، اس لئے ضروری ہے کہ حکومت کی طرف سے جوسہولت مہیا کی گئی ہے اس سے استفادہ کریں۔